Fakhr-e-Faisalabad

News Website

قوانین سے آگاہی خواتین کے اصلاحی کردار کو مضبوط ومربوط بنانے کیلئے اشد ضروری

قوانین سے آگاہی خواتین کے اصلاحی کردار کو مضبوط ومربوط بنانے کیلئے اشد ضروری
معاشرے کی اصلا ح اور تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد
خواتین کا کردار ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے اور ہر پلیٹ فارم پر مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں،سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء
فیصل آباد(قدرت اللہ)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیرز اور سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے منشیات کی روک تھام ،ٹریفک قوانین کی پابندی اور پتنگ اڑانے کی پابندی کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ نشہ ذہنی و جسمانی صحت کے لیے نہ صرف نقصان دہ ہے بلکہ نشے کا عادی اپنے ساتھ ساتھ نسلیں تباہ کر دیتا ہے اور ذہنی طور پر حاضر نہ ہونے کی وجہ سے دیگر جرائم کا مرتکب بنتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی آگاہی ہونے کے ساتھ ان کی پابندی بھی ضروری ہے تاکہ نقصان سے بچا جا سکے آخر میں کہا کہ معاشرے کی اصلا ح اور تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے خواتین ہر فورم پر مثبت تبدیلی کی خواں رہی ہیں اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرنے سے دریغ نہیں کریں گی۔ سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے کہا کہ خواتین کا کردار ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے اور ہر پلیٹ فارم پر مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال موت کا سامان ہے انہوں نے ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے کہا کہ محتاط ڈرائیونگ ہی روڈ ایکسیڈنٹ سے بچا سکتی ہے محتاط رہیں اور اپنی اور دوسرں کی زندگی کی حفاظت کریں انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا ساتھ دیں پتنگ نہ اڑائیں دھاتی ڈور قاتل ہے خود سے عہد کریں کہ پتنگ نہیں اڑائیں گے اور افراد خانہ کو بھی اس کی ضرر رسانیوں بارے متنبہ کریں گی ۔انہوں نے خواتین پر تشدد کے حوالے سے کہا کہ آواز نہ اٹھانا بھی ظلم کے مترادف ہے اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں۔
سی ٹی اوفیصل آباد مقصود احمد لون نے کہا کہ عنقریب گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں خواتین کو سواری کے حوالے سے بااختیار بنانے کے لئے ڈرائیونگ سکول کا اجرا کرنے جا رہے ہیں تاکہ طالبات یونیورسٹی سے ہی ڈرائیونگ سیکھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرایئونگ کورس مکمل کرنے پر لائسنس کی سہولت بھی یونیورسٹی کے اندر ہی مہیا کی جائے گی تاکہ طالبات کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ۔ آخر میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی اور سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے کی جبکہ اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔

About The Author